ملتان میں صفائی کی ناقص صورتحال اور مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ، اینٹی کرپشن کے چھاپے
ملتان: شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال اور مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے ستھرا پنجاب ایجنسی اور مختلف کنٹریکٹرز کے دفاتر پر چھاپے مار کر اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ستھرا پنجاب ایجنسی ملتان کے دفتر پر کارروائی کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کو کی جانے والی ادائیگیوں کا ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔
اینٹی کرپشن کی ایک ٹیم نے ستھرا پنجاب زون ون کے کنٹریکٹر ایس اے انٹرپرائزز کے دفتر پر بھی چھاپہ مارا، جہاں سے مینجر فنانس کو حراست میں لے لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایس اے انٹرپرائزز کے مالکان شہزاد جٹ اور طلحہ جٹ دفتر میں موجود نہیں تھے، جس کے باعث ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
اسی طرح ستھرا پنجاب زون تھری کے کنٹریکٹر بابر اینڈ عمر کے دفتر پر بھی اینٹی کرپشن نے کارروائی کی۔ ٹیم نے دفتر میں موجود ملازمین اور متعلقہ ریکارڈ کو تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ ایک ستھرا پنجاب کنٹریکٹر نے مشینری کی مرمت کے لیے قومی خزانے سے کروڑوں روپے وصول کیے، تاہم مبینہ طور پر مشینری کی مرمت نہیں کرائی گئی۔
ذرائع کے مطابق ورکرز کی تنخواہوں کی مد میں بھی سرکاری خزانے سے رقم وصول کی گئی، تاہم متعدد ورکرز کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہیں ادا نہ کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
اینٹی کرپشن نے ایس اے انٹرپرائزز کی جانب سے مبینہ جعلی بینک گارنٹیز کے ذریعے ٹھیکہ حاصل کرنے کے معاملے کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے چھاپوں کے دوران قبضے میں لیے گئے ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے، جبکہ مزید کارروائی تحقیقات کی روشنی میں متوقع ہے۔


_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)
Leave A Comment