ملک بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 23 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ لاہور، پاکپتن، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں کئی واقعات پیش آئے جہاں گھروں کو نقصان پہنچا اور شہری متاثر ہوئے۔

لاہور کے علاقے رائیونڈ میں گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 14 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں مردوں کے ساتھ بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ مختلف اضلاع میں گھروں کو نقصان پہنچا جن میں بعض مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے، تاہم مزید بارشوں کا امکان برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ پنجاب میں 24 جولائی جبکہ خیبرپختونخوا میں 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار