وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے، جبکہ صحافیوں کو بلاخوف و خطر فرائض انجام دینے کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان اور سچائی کے علمبردار ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ اور پیشہ ورانہ وقار کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں، جبکہ آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل قبول ہیں اور صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں، جبکہ ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی ہیرو ہیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ وہ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن ہیں اور بے گھر صحافیوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سچائی کی آواز دبانے کی ہر کوشش معاشرے کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے اور حکومت پنجاب آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار