وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دے دیا، جبکہ بروقت ادائیگی نہ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر 151 میں سے 149 ستھرا پنجاب کمپنی ورکرز کو ادائیگیاں مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ روجھان اور چوبارہ میں ورکرز کو ادائیگی نہ کرنے پر متعلقہ کمپنی کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

مریم نواز شریف نے کمرشل اور رہائشی علاقوں میں مسلسل صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انوائرمنٹ فرینڈلی سٹیزن سٹیکر دینے کی ہدایت کی ہے، جبکہ صفائی برقرار رکھنے والے شہریوں کو وزیراعلیٰ کی جانب سے تحفہ یا سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ایم ڈی واسا کو روزانہ خود دو گھنٹے فیلڈ میں رہنے جبکہ ٹی ایم او اور ایف ایم او کو روزانہ کم از کم پانچ یونین کونسلز کا دورہ کرکے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ سکواڈ فعال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ ای بائیکس پر سوار یہ سکواڈ سڑکوں، گلی محلوں اور بازاروں میں صفائی اور کچرا پھینکنے کی صورتحال کی نگرانی کرے گا۔

مریم نواز نے ستھرا پنجاب ورکرز کے لیے گاربیج بیگ ساتھ رکھنا لازمی قرار دیتے ہوئے خالی پلاٹس، ویسٹ انکلیوژرز، سڑکوں اور گلی محلوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ٹوٹی ہوئی دیواروں اور دروازوں کی مرمت، ویسٹ انکلیوژرز کی باقاعدہ صفائی اور مکینیکل سویپرز کی مرمت کا بھی حکم دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے صفائی عملے اور ورکرز کی غیر حاضری پر سخت نوٹس لیتے ہوئے صفائی آپریشن میں کوتاہی یا بے ضابطگی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے نکاسی آب کی بہتری کے لیے ڈی سلٹنگ کا عمل جاری رکھنے اور عوامی شکایات فوری حل کرنے کا بھی حکم دیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب آپریشنز میں کرپشن اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکزی شاہراہوں پر گندگی سے بھرے ویسٹ انکلیوژرز افسوسناک ہیں اور ورکرز کو بروقت تنخواہ نہ دینے والی کمپنی کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے صفائی آپریشن میں ہر روز بہتری نظر آنی چاہیے، دفتروں میں بیٹھ کر تنخواہیں لینے والوں کو کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب عوام کی سہولت، صفائی اور سماجی خدمت کا اہم پروگرام ہے

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار