لاہور: داماد نے بیوی سمیت 4 سسرالی قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی
چوہنگ کے علاقے برکت کالونی میں گھریلو تنازع پر داماد نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی بیوی سمیت 4 سسرالی رشتہ داروں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔
ریسکیو حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ برکت کالونی میں پیش آیا، جہاں 25 سالہ عمران شوکت نے مبینہ طور پر اپنے سسرال جا کر فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق عمران کا تقریباً 6 ماہ قبل سمیعہ سے نکاح ہوا تھا، تاہم گھریلو ناچاقی کے باعث سمیعہ اپنے والدین کے گھر رہ رہی تھی۔
حکام کے مطابق عمران آج صبح سسرال پہنچا اور مبینہ طور پر سمیعہ کو اپنے ساتھ چلنے کے لیے کہا۔ انکار پر ملزم نے سمیعہ کو سر میں گولی مار دی، جس کے بعد مبینہ طور پر اپنے سسر علی خان، ساس شمائلہ اور برادرِ نسبتی ذیشان کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق چار افراد کو قتل کرنے کے بعد عمران شوکت نے خود کو بھی گولی مار لی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پانچوں لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق عمران شوکت اور سمیعہ ایک ہی دفتر میں کام کرتے تھے اور دونوں نے پسند کی شادی کی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ عمران کی یہ دوسری شادی تھی اور پہلی بیوی سے اس کے تین بچے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیعہ شادی کے بعد بھی میکے میں رہ رہی تھی، جبکہ دونوں خاندانوں کے درمیان پہلے بھی اختلافات اور لڑائی جھگڑے ہوچکے تھے اور ایک دوسرے کے خلاف مقدمات بھی درج تھے۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ کے محرکات اور واقعے سے قبل پیش آنے والے حالات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔


_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)
Leave A Comment