سوات میں گلیشیئر پھٹ گیا، تین کوہ پیما زخمی، ایک لاپتا
سوات: سوات کے سیاحتی علاقے کالام کی وادی مٹلتان میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث 7 کوہ پیما حادثے کی زد میں آ گئے، جن میں سے 3 زخمی جبکہ ایک کوہ پیما لاپتا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ کوہ پیما چھوٹا کے ٹو (K2) بیس کیمپ کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں اچانک گلیشیئر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو ٹیم نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تین کوہ پیما راولپنڈی سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سیدو شریف اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلعی ایمرجنسی افسر سید شعیب منصور کی ہدایت پر فوری طور پر ریسکیو اور طبی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں، تاہم دشوار گزار اور دور افتادہ پہاڑی علاقے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما سید علی شاہ کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ دیگر کوہ پیماؤں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔



Leave A Comment