اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کے 18 سے زائد شہروں اور عسکری سٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔

سمر کیمپ کے دوران رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد نے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، جہاں پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل، دو قومی نظریے اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر انیس احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ نظریہ پاکستان وہ فکری بنیاد ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور آزاد وطن کے حصول کے لیے متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مذہبی، سماجی اور قانونی حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں اور اقلیتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے بھارت کے نام نہاد سیکولر تشخص کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو اصولی، واضح اور مستقل قرار دیا۔

وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ تاریخ، تحقیق اور مستند ذرائع کے مطالعے کے ذریعے اپنی آزادانہ رائے قائم کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، قومی شعور بیدار کرنے اور مستقبل کی قیادت تیار کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار