گوجرانوالہ گرڈ سٹیشن میں خوفناک آگ، کروڑوں مالیت کا سامان جل کر خاک
گوجرانوالہ کے علاقے شاہین آباد میں واقع گرڈ سٹیشن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی۔ آگ نے گرڈ سٹیشن کے ایم این ٹی اور ریجنل سٹور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں کروڑوں روپے مالیت کے ٹرانسفارمر اور تار موجود تھے، جو جل کر خاکستر ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کی پانچ فائر بریگیڈ گاڑیاں آگ بجھانے کے آپریشن میں مصروف رہیں۔ تیز ہوا کے باعث آگ پر قابو پانا مشکل ہو گیا اور شعلے مسلسل پھیلتے رہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق تقریباً چار گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔ حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
آگ لگنے کے وقت گرڈ سٹیشن میں عملہ کام کر رہا تھا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ متعلقہ حکام کے مطابق مالی نقصان کا تخمینہ تاحال نہیں لگایا جا سکا۔
_2026_07_21_09_56_19_86635960.jpg)


Leave A Comment