فیصل آباد: محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کو ہدایت کی ہے کہ جانوروں کی خوراک میں تبدیلی ہمیشہ بتدریج کی جائے اور پرانی توڑی کو نئی توڑی کے ساتھ ملا کر کھلایا جائے تاکہ جانوروں کی صحت متاثر نہ ہو۔

محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق کسی بھی خوراک کو اچانک تبدیل کرنے سے جانوروں میں ہاضمے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، اس لیے نئی خوراک کو آہستہ آہستہ متعارف کروانا ضروری ہے۔ اگر فارمرز ونڈہ تبدیل کرنا چاہیں تو اسے بھی 5 سے 7 دن کے دوران مرحلہ وار تبدیل کیا جائے کیونکہ مختلف کمپنیوں کے ونڈے کے اجزا میں فرق ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق گبھن جانوروں کے لیے خاص احتیاط ضروری ہے، انہیں نئی توڑی کم مقدار سے شروع کر کے کسی پروٹین سے بھرپور چارے یا ونڈے کے ساتھ ملا کر دینا چاہیے۔ مکمل طور پر نئی توڑی پر منتقلی کم از کم 10 سے 12 دن میں کی جائے۔

اسی طرح اگر جانوروں کو جئی کھلائی جا رہی ہو تو اسے بھی آہستہ آہستہ لوسرن یا برسیم پر منتقل کیا جائے، جبکہ جوار اور باجرہ جیسی فصلوں کی تبدیلی بھی مرحلہ وار کی جائے تاکہ جانور آسانی سے نئی خوراک کے عادی ہو سکیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مناسب خوراکی تبدیلی نہ صرف جانوروں کی صحت کو بہتر بناتی ہے بلکہ دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار