آرگینک مصنوعات کی عالمی مانگ میں تیزی، پاکستان کے لیے اربوں ڈالر کمانے کا موقع
آرگینک خوراک اور مصنوعات کے شعبے میں عالمی سطح پر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں سالانہ شرح نمو 10 سے 13 فیصد تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پاکستان اس عالمی مارکیٹ میں صرف ایک سے دو فیصد حصہ بھی حاصل کر لے تو سالانہ 2 سے 5 ارب ڈالر تک برآمدات ممکن ہو سکتی ہیں۔
تخمینہ لگایا گیا ہے کہ سال 2030 تک آرگینک مصنوعات کی عالمی مارکیٹ کا حجم 600 سے 700 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ اس وقت امریکا اور یورپ اس مارکیٹ کا تقریباً 40 سے 45 فیصد حصہ رکھتے ہیں، جبکہ ایشیا ایک تیزی سے ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں زرعی زمین، موسمی تنوع اور نوجوان افرادی قوت کی موجودگی اس شعبے کے لیے ایک بڑا موقع فراہم کرتی ہے۔ تاہم ملک میں آرگینک فارمنگ کا رقبہ ابھی محدود ہے، جس کی بڑی وجوہات میں آگاہی کی کمی، مہنگی سرٹیفکیشن اور کمزور سپلائی چین شامل ہیں۔
کسانوں کو مناسب تربیت، عالمی معیار کی سرٹیفکیشن اور منڈی تک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ حکومتی پالیسی، سبسڈی اور برآمدی سہولتوں میں بہتری لا کر اس صنعت کی ترقی کو مزید تیز کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں صارفین اب صحت بخش، کیمیکل سے پاک خوراک کو ترجیح دے رہے ہیں، جبکہ آن لائن مارکیٹس کے بڑھتے ہوئے استعمال نے آرگینک مصنوعات کو عام لوگوں تک پہنچانا آسان بنا دیا ہے۔ اگر پاکستان اس موقع سے فائدہ اٹھائے تو زرعی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
_2026_05_02_20_57_31_90075439.jpg)
_2026_08_13_08_13_35_57207435.jpg)
_2026_08_13_08_11_27_91345821.jpg)
Leave A Comment