محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ملتان نے کامیاب ٹریپ ریڈ کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز وہاڑی کے اہلکار نیاز احمد کو مبینہ طور پر 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق کارروائی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ملتان بشارت نبی کی نگرانی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر تحقیقات اینٹی کرپشن وہاڑی فیصل الرحمان اور ان کی ٹیم نے جوڈیشل مجسٹریٹ واجد علی حیدر کی نگرانی میں ٹریپ ریڈ کیا۔

کارروائی کے دوران ملزم نیاز احمد سے نشان زدہ کرنسی نوٹ برآمد کرلیے گئے، جنہیں قانونی ضابطے کے مطابق قبضے میں لے لیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزم نے اس سے قبل بھی شہری محمد ثاقب سہیل سے کلینک کے پراپرٹی ٹیکس کے معاملے میں مبینہ طور پر 25 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی، جبکہ مزید 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے اسے موقع پر گرفتار کیا گیا۔

ملزم کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کرپشن سے متعلق شکایات متعلقہ ادارے تک پہنچائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کی جاسکے۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار