دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند، ہیڈ مرالہ ، قادر آباد پر اونچے درجے کا سیلاب
دریائے چناب میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہونے کے باعث مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ محکمہ انہار نے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمہ انہار کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کی آمد 2 لاکھ 75 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گئی، جبکہ پانی کا اخراج 2 لاکھ 58 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح خانکی بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 44 ہزار 903 کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 39 ہزار 503 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
قادر آباد بیراج پر بھی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کی آمد 1 لاکھ 58 ہزار 539 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 43 ہزار 539 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ انہار کا کہنا ہے کہ دریائے چناب کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)

Leave A Comment