ملتان: تنخواہوں اور بقایا جات کی عدم ادائیگی پر سی سی آر آئی ملتان میں مکمل تالہ بندی، ملازمین کا پی سی سی سی ہیڈ آفس کے باہر دھرنا

ملتان سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ (CCRI) ملتان کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور شدید مالی بحران کے خلاف مہم جوئی کا آغاز کرتے ہوئے آج بروز جمعرات مکمل ہڑتال کی اور پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی (PCCC) کے ہیڈ آفس کے باہر زوردار دھرنا دیا۔

ایپکا (APCA) یونین پاکستان سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے صدر ملک آصف علی گرا کی قیادت میں ملازمین نے ایک احتجاجی ریلی نکالی، جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پی سی سی سی کے ہیڈ آفس پہنچی۔ مظاہرین نے سیکریٹری پی سی سی سی کے دفتر کے باہر ڈیرے ڈال دیے اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر ملازمین نے پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) ڈاکٹر خادم حسین کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے اعلیٰ حکام سے ان کے خلاف سخت قانونی و انتظامی ایکشن لینے کی اپیل کی۔

مظاہرین کا مؤقف تھا کہ پی سی سی سی اور سی سی آر آئی کے ملازمین اور پنشنرز گزشتہ 11 مہینوں سے نئی تنخواہوں اور پینشنز سے محروم چلے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انہیں مالی سال 2025 کی مئی کی نئی تنخواہ فوری طور پر جاری کی جائے اور جولائی 2025 سے مئی 2026 تک کے تمام بقایا جات یکمشت ادا کیے جائیں۔ اس کے علاوہ، سال 2018 سے 2022 تک کے ایڈہاک ریلیف کی بقایا رقم بھی فی الفور ریلیز کی جائے۔

ایپکا کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحیٰ جیسے بڑے مذہبی تہوار کے موقع پر بھی ملازمین اور معمر پنشنرز کو تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس کی وجہ سے سینکڑوں خاندان فاقہ کشی اور شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی تنخواہوں کے لیے فنڈز پہلے سے موجود ہیں، اس لیے انتظامیہ کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیر بلاجواز اور ملازمین کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔

ملازمین نے دوٹوک الفاظ میں حکومت کو پیغام دیا کہ تنخواہ ان کا قانونی اور آئینی حق ہے جسے کسی صورت نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے انتباہ جاری کیا کہ اگر ان کے مطالبات فوری طور پر تسلیم نہ کیے گئے تو ادارے کی مکمل تالہ بندی کر دی جائے گی، جس سے کپاس کی تحقیقی سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری پی سی سی سی انتظامیہ پر عائد ہو گی۔

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار