اسلام آباد انصاف مانگنے آ رہے ہیں، گولی نہیں چلنی چاہئے: بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور پکڑ دھکڑ سے گریز کیا جائے، جبکہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت اور ملک کو بچانے کے لیے نکل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن سٹریٹ موومنٹ کریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب حکومت اور بالخصوص رانا ثناء اللہ سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں اور پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے یا ان کی گرفتاریوں سے گریز کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمت اور بہتر سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت کو سخت اقدامات کے بجائے مذاکرات اور مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہیے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ گولی نہیں چلنی چاہیے اور گولی کا وقت ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد انصاف مانگنے آ رہی ہے اور کارکنان پرامن طریقے سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اختلافِ رائے کی قدر کرنا جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے، اس لیے حکومت کو سیاسی اختلافات کا مقابلہ سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت اور سیاسی عمل کے ذریعے کرنا چاہیے۔



Leave A Comment