بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کیخلاف کارروائیاں، کمانڈر نقیب سمیت 9 دہشتگرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ کارروائی میں دہشت گردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ اس میں سوار تینوں افراد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی گئی اور انہیں مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے۔ کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث رہے تھے۔ واقعے کے بعد علاقے میں مزید سرچ اور کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔



Leave A Comment