بہاولپور چڑیا گھر میں 'سفید مورنی' شیرنی پراسرار طور پر ہلاک؛ طبی سہولیات کی عدم دستیابی کا الزام
بہاولپور کے تاریخی شیر باغ چڑیا گھر میں موجود 'سفید مورنی' نامی نایاب شیرنی اچانک ہلاک ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شیرنی صبح کے وقت بالکل تندرست اور فعال تھی، تاہم صبح تقریباً 11 بجے وہ اچانک پنجرے میں گر کر بے حال ہو گئی۔ عملے نے فوری طور پر چڑیا گھر کے ویٹرنری ڈاکٹر کو اطلاع دی، لیکن ڈاکٹر کے پہنچنے سے قبل ہی شیرنی نے دم توڑ دیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شیرنی کی ہلاکت مبینہ طور پر چڑیا گھر میں بروقت طبی سہولیات اور ایمرجنسی انتظامات کی عدم دستیابی کے باعث ہوئی ہے۔ افسوسناک واقعے کے فوراً بعد چڑیا گھر انتظامیہ نے خاموشی سے شیرنی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کر کے اسے شیر باغ کے احاطے کے اندر ہی سپردِ خاک کر دیا۔ سفید مورنی کی اس اچانک موت پر شہریوں اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں میں شدید افسوس اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر سخت احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہاں موجود دیگر قیمتی جانوروں کی صحت اور علاج معالجے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات کا سدباب ہو سکے۔ دوسری جانب، چڑیا گھر انتظامیہ نے تاحال شیرنی کی ہلاکت کی باضابطہ وجوہات کے حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا۔


_2026_09_16_13_24_35_85734178.jpg)
Leave A Comment