وزیراعلیٰ پنجاب کے گندم پیداواری مقابلہ جات 2025-26 کے تحت ضلع بہاولپور میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاشتکاروں میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر ڈاکٹر عائشہ خان نے پوزیشن حاصل کرنے والے کسانوں میں لاکھوں روپے کے انعامی چیکس تقسیم کیے، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد شفیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر عائشہ خان نے کہا کہ ان مقابلوں کا مقصد کسانوں میں صحت مند مسابقت کو فروغ دینا، جدید زرعی ٹیکنالوجی اپنانے کی حوصلہ افزائی کرنا اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت پنجاب زرعی شعبے کی ترقی کیلئے مختلف مراعات فراہم کر رہی ہے۔

مقابلے میں پہلی پوزیشن تحصیل یزمان کے چک نمبر 65 ڈی بی کے کاشتکار محمد عرفان شہباز نے حاصل کی جنہیں 10 لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔ دوسری پوزیشن تحصیل بہاولپور کے عطا محمد نے حاصل کی جنہیں 8 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن تحصیل حاصل پور کے محمد عبداللہ خان کو 5 لاکھ روپے کا انعامی چیک دیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر کامیاب کاشتکاروں نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جدید زرعی طریقوں کو اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

You Might Also Like

Leave A Comment

جڑے رہیے

نیوز لیٹر

کیلنڈر

اشتہار