یومِ فضائیہ: صدر اور وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ پاک فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، شجاعت اور ملکی فضائی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے بری اور بحری افواج کے ساتھ مل کر فیصلہ کن اور تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بارہا ثابت کیا ہے کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور یا تعداد میں زیادہ کیوں نہ ہو، وہ پاکستانی قوم کے عزم، حوصلے اور جذبے کو شکست نہیں دے سکتا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہر معرکے میں اپنی برتری، تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ شجاعت کا لوہا منوایا ہے۔
وزیراعظم نے ستمبر 1965ء کی جنگ اور گزشتہ برس مئی کی پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے تمام مسلح افواج کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا اور تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں نے ملکی دفاع کو مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنایا ہے



Leave A Comment